ویب ڈیسک: پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلوں کا 9واں ایڈیشن کامیابی سے اختتام پذیر، اختتامی تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ٹیم اسپرٹ مقابلے 60 گھنٹے طویل سخت پیٹرولنگ مشق پر مشتمل تھی۔ مشق کا مقصد پیشہ ورانہ عسکری مہارتوں میں اضافہ اور تجربات کا تبادلہ کرنا ہے۔ ٹیم اسپرٹ مقابلوں میں 19 دوست ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی۔ بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن اور سعودی عرب کی ٹیموں نے شرکت۔ مقابلے میں ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر اور سری لنکا کی ٹیمیں بھی شریک ہوئیں۔ ترکیہ، امریکا اور ازبکستان کی ٹیموں نے بھی مقابلے میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر شرکت کی۔
فیلڈ مارشل نے تمام ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کثیر ملکی مشقوں کو اجتماعی تیاری کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے ایسی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا۔
سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان آرمی کی بنیاد کردار، جرات اور صلاحیت پر قائم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج نے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ غیر ملکی مبصرین نے اعلیٰ معیارِ تنظیم اور پیشہ ورانہ نظم و ضبط پر اظہارِ اطمینان کیا۔