ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے انعقاد سے آئی سی سی کے 174 ملین ڈالرز بچ گئے: بھارتی میڈیا

ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے انعقاد سے آئی سی سی کے 174 ملین ڈالرز بچ گئے: بھارتی میڈیا
کیپشن: ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے انعقاد سے آئی سی سی کے 174 ملین ڈالرز بچ گئے: بھارتی میڈیا

ویب ڈیسک: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ کے انعقاد کے فیصلے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کو 174 ملین امریکی ڈالرز کے ممکنہ مالی نقصان سے بچا لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، نقصان کا یہ تخمینہ براڈ کاسٹرز کی گیٹ منی اور مختلف اسپانسرشپس کی مد میں لگایا گیا تھا۔ پاک بھارت میچ کی بحالی کے فیصلے کے فوری بعد ممبئی اور کولمبو کے درمیان فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابتدائی طور پر ممبئی اور کولمبو کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 10 ہزار سے 60 ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے، جبکہ پاک بھارت میچ کی تصدیق کے بعد کولمبو کی ہوٹل انڈسٹری نے بھی اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، پاکستان کے ممکنہ بائیکاٹ کے اعلان کے بعد کئی کرکٹ شائقین نے ہوٹل بکنگ منسوخ کرانے کے لیے رابطے کیے تھے، جبکہ متعدد شائقین پاک بھارت میچ کے ٹکٹوں کی ری فنڈ پالیسی سے متعلق معلومات حاصل کرتے رہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف شیڈول کے مطابق میچ کھیلے گا، اور قومی ٹیم کو 15 فروری کو میچ کھیلنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔



Watch Live Public News