بانی پی ٹی آئی لاہور کے بعد میانوالی سے بھی الیکشن لڑنے کیلئے نااہل

بانی پی ٹی آئی لاہور کے بعد میانوالی سے بھی الیکشن لڑنے کیلئے نااہل
راولپنڈی: الیکشن ٹریبونل نے لاہور کے بعد میانوالی سے بھی بانی پی ٹی آئی کو الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیدیا۔ بانی پی ٹی آئی کے این اے 89 میانوالی سے ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے تھے جس کے خلاف انہوں نے ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی۔ راولپنڈی ہائیکورٹ بنچ کے الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس چودھری افضل نے بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر سماعت کی جس میں پی ٹی آئی رہنما علی ظفر نے دلائل دیئے تھے جبکہ ٹریبونل نے 7 جنوری کو اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ الیکشن ٹربیونل نے آج فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل مسترد کردی اور انہیں الیکشن کے لیے نااہل قرار دینے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ اس سے قبل الیکشن ٹریبونل بانی پی ٹی آئی کو این اے 122 لاہور سے بھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے چکا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے قومی اسمبلی کے تین حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جن میں این اے 122 لاہور، این اے 89 میانوالی اور اسلام آباد شامل ہیں تاہم دو حلقوں سے انہیں الیکشن ٹریبونل نے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔