ویب ڈیسک: اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں ڈسپلن کا فقدان ہے اور صورتحال یہ ہے کہ ہر سو افراد میں ایک خود کو لیڈر سمجھتا ہے۔
لاہور بار کے صدارتی امیدوار کے کیمپ میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کل کے جلوس میں عوام کی بہت بڑی تعداد شریک تھی، تاہم اس کے باوجود ایک بھی اسٹیج، اسپیکر یا مائیک کا انتظام نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود ہم پی ٹی آئی کے مشکل وقت کے ساتھی ہیں اور یہاں کسی عہدے یا مفاد کے لیے نہیں آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ کھڑے ہونے کی تلقین کی گئی ہے اور ہم پاکستان میں جمہوری تحریکوں کی ایک طویل روایت کے وارث ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے واضح کیا کہ اگر کوئی فریق اپنی غلطی تسلیم کرنے پر آمادہ ہو تو مذاکرات کے ذریعے تمام معاملات حل کیے جا سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد عوامی فلاح، انصاف اور آئینی بالادستی کے لیے سرگرم ہے اور سیاسی محاذ پر مستقل مزاجی کے ساتھ جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔