سابق سینیٹر مشتاق احمد نے نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کر دیا

سابق سینیٹر مشتاق احمد نے نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کر دیا
کیپشن: سابق سینیٹر مشتاق احمد نے نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک:  سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے نئی سیاسی جماعت پاکستان رائٹس موومنٹ کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پارٹی کی مرکزی قیادت، کارکنان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان رائٹس موومنٹ 1973 کے آئین کے مطابق کام کرے گی اور عام آدمی کو اس کے بنیادی حقوق دلانے کے لیے جدوجہد کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں برابری، سماجی و معاشی انصاف، فوری اور سستا انصاف، آزادیٔ اظہار، تعلیم اور صحت کی فراہمی پارٹی کی ترجیحات ہوں گی۔

انہوں نے غربت، مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن، ماورائے عدالت قتل اور ملٹری آپریشنز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چند طبقات کی اجارہ داری ختم کرنا ناگزیر ہے۔ مشتاق احمد نے موجودہ پارلیمانی نظام کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ صحافت اور اظہارِ رائے پر قدغنیں عائد ہیں۔

سابق سینیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درست سمت دینے کے لیے باصلاحیت، دیانتدار اور عوام دوست قیادت کی ضرورت ہے، جبکہ تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔

Watch Live Public News