یوٹیوب کا آمدن سے متعلق پالیسیز میں تبدیلی کا فیصلہ

یوٹیوب کا آمدن سے متعلق پالیسیز میں تبدیلی کا فیصلہ
کیپشن: یوٹیوب کا آمدن سے متعلق پالیسیز میں تبدیلی کا فیصلہ

ویب ڈیسک: دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب جہاں لاکھوں افراد اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں، اب وہاں نئے قواعد و ضوابط کا نفاذ ہونے جا رہا ہے جو بہت سے صارفین کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔

یوٹیوب نے اعلان کیا ہے کہ 15 جولائی 2025 سے Monetization (آمدنی کمانے) سے متعلق اپنی پالیسیوں میں اہم تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد غیر معیاری، بار بار پوسٹ کی جانے والی یا مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ ویڈیوز کے ذریعے آمدنی کے حصول کو محدود کرنا ہے، جبکہ اصل اور تخلیقی مواد کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP) میں ان تبدیلیوں کے ساتھ مکمل گائیڈلائنز بھی جاری کی جائیں گی، جن میں واضح طور پر بتایا جائے گا کہ کن اقسام کی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کی جا سکے گی اور کن سے نہیں۔

یوٹیوب کے ہیلپ پیج پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب صارفین کو لازمی طور پر اصلی، مصدقہ اور منفرد مواد اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ پالیسی کی یہ تبدیلی صارفین کو یہ سمجھنے میں مدد دے گی کہ کون سا مواد غیر مستند سمجھا جائے گا۔

خدشات اور وضاحت

بعض صارفین کو خدشہ ہے کہ اس اقدام سے ری ایکشن ویڈیوز یا دیگر معمول کے فارمیٹس متاثر ہو سکتے ہیں۔ تاہم، یوٹیوب کے نمائندے رینی رچی (Rene Ritchie) نے واضح کیا ہے کہ ایسی ویڈیوز پر پابندی نہیں لگائی جا رہی، بلکہ یہ پالیسی اپ ڈیٹس صرف غیر معیاری مواد کی شناخت کے لیے کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کئی اقسام کی ویڈیوز پہلے ہی یوٹیوب کی موجودہ پالیسی کے تحت آمدنی کے اہل نہیں تھیں، اور نئی تبدیلی صرف انہی پالیسیوں کی مزید وضاحت ہے۔

 مصنوعی ذہانت اور مواد کا مستقبل

یوٹیوب پر AI سے تیار کردہ ویڈیوز کی تعداد میں حالیہ برسوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کی جانب سے غیر معیاری مواد کی اصطلاح کا اطلاق عمومی طور پر اے آئی ویڈیوز پر کیا جا رہا ہے۔

نئی پالیسیز کے تحت کون سا AI مواد آمدنی کے قابل ہو گا، اور کون سا نہیں — یہ تفصیلات 15 جولائی کو جاری ہونے والی مکمل گائیڈلائنز سے واضح ہوں گی۔

Watch Live Public News