(ویب ڈیسک ) لاہور شہر میں تقریباً 136 ملی میٹر ریکارڈ بارش، صرف چند گھنٹوں میں شہر کے متعدد مقامات سے نکاسی آب کا عمل مکمل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورشہر میں تقریباً 8 گھنٹے مسلسل بارش کے تاریخی سپیل سے اوسطاً 136 ملی میٹر ریکارڈ بارش ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شہر بھر میں برستی بارش میں ہی انتظامیہ،پی ڈی ایم اے، واسااور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں مسلسل سرگرم عمل رہیں۔
صرف چند گھنٹوں میں ہی شہر کے متعدد مقامات سے نکاسی آب کے عمل کو مکمل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نکاسی آب کی مسلسل مانیٹرنگ کرتی رہیں۔
دھرم پورہ،فیروز پور روڈ، اقبال ٹاؤن، سمن آباد،مغل پورہ بیجنگ اورشادمان انڈرپاس بھی مکمل طور پر کلیئر کر دیئے گئے۔ ماڈل ٹاؤن، ایف سی کالج، نشتر ٹاؤن،ظہور الٰہی روڈ انڈر پاس،گرجا چوک اورشالامار لنک روڈ کی بیشتر سڑکوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کرکے ٹریفک کے لئے کھول دیئے گئے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کے لئے وارڈن اور افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی۔ واسا اہلکار برساتی نالوں میں رکاوٹیں ہٹانے کے لئے اندر اتر گئے۔ بارش کے پانی کے فوری نکاس کے لئے نالوں کی صفائی کا عمل بھی چند گھنٹوں میں مکمل کیا گیا۔سڑکوں پر واسا کی ٹیمیں پہنچ کر کئی برستی بارش میں پانی نکالنے میں مشغول رہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازنے بارش کے دوران شہریوں کو بلا صورت سڑکوں پر آنے سے گریز کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسلادھار بارش میں گھنٹوں کھڑا ہوکر کام کرنے والے واسا اہلکاروں کو شاباش دیتی ہوں۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے غیر معمولی صورتحال کے باوجودواسا اور متعلقہ ادارے کی ٹیمیں مسلسل کام میں مصرورف رہیں۔