(ویب ڈیسک ) وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاکستان سے سعودی عرب کے لیے حج فلائٹ آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور نے بیان میں کہا ہے کہ سعودی ایئرلائنز کی آخری پرواز 380 پاکستانی عازمین کو لے کرروانہ ہو گئی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سالک حسین کا کہنا ہے کہ’ کامیاب آپریشن وزارت کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ حج دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک مقدس فریضہ ہے۔ عازمین کو تمام سہولیات یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔‘
سرکاری سکیم کے لیے پری حج فلائٹ آپریشن کامیابی کے ساتھ آج اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ اسلام آباد سے آنے والی سعودی ایئر لائنز کی پرواز نمبر3727 کے ذریعے 380 عازمین کرام جدہ ایئر پورٹ لینڈ کر گئے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج سکیم کے ذریعے 70 ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، جبکہ اگلے دو روز میں مزید 20 ہزار پرائیویٹ عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔
’سعودی مکاتب کی جانب سے منیٰ اور عرفات میں عازمینِ حج کے پانچ روزہ قیام کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ عازمینِ حج کی وادیِ منیٰ کے لیے روانگی کا آغاز 13 اور 14 جون کی درمیانی شب کو ہو گا۔‘
مزید کہا گیا کہ ’ پاکستان حج مشن نے وادیِ منیٰ میں عازمینِ حج کی سہولت کے لیے کیمپ آفس قائم کر دیا گیا ہے۔ کیمپ آفس میں شعبہ معلومات و رہنمائی، شکایات، امراض و اموات قائم کیے جائیں گے۔
وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور وفاقی سیکریٹری ذوالفقار حیدر حج آپریشن کی براہ راست نگرانی کریں گے۔