ویب ڈیسک: پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے 13 جون تک ہیٹ ویو برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جو شہریوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔
مختلف شہروں کا درجہ حرارت:
ڈیرہ غازی خان اور نورپور تھل میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
بھکر، بہاولنگر، گوجرانوالہ اور کوٹ ادو میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور، فیصل آباد، گجرات، ملتان، اوکاڑہ اور سیالکوٹ میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک پہنچا۔
حکومت کی ہدایات اور اقدامات:
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی مقامات، لاری اڈوں اور منڈیوں میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔تمام متعلقہ ادارے ہیٹ ویو کے دوران فعال کردار ادا کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ چولستان میں صاف پانی کی فراہمی جاری ہے۔تمام سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔
ماہرین صحت کی احتیاطی ہدایات:
ماہرین نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔پانی کا زیادہ استعمال کریں اور ہلکے لباس پہنیں۔بچوں، بزرگوں اور مریضوں کا خاص خیال رکھا جائے۔