کیو: یوکرین اور روس کی جنگ میں شدت کے بعد سے یوکرینی صدر زیلینسکی کی مجموعی مالیت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ جیسے جیسے یوکرین اور روس کی جنگ میں شدت آرہی ہے یوکرین کے صدر زیلینسکی کی مجموعی مالیت کے بارے میں بھی قیاس آرائیوں نے شدت اختیار کر لی ہے۔سوشل میڈیا پر گردش خبروں کے مطابق یوکرین کے صدر کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 1.5 بلین ڈالر ہے تاہم غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یوکرینی صدر زیلینسکی کے گھر اور گاڑیوں کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 1.5 ملین ڈالر تک ہے۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ یوکرینی صدر کے اثاثوں کی مالیت 1.5 ارب ڈالر بتانے والے ٹوئٹس زیلینسکی اور یوکرین کی حمایت کو کمزور کرنے کی کوشش تھیں۔ یوکرینی صدر کے اثاثوں کی اصل مالیت کتنی ہے؟ معروف شخصیات کے اثاثوں کا تخمینہ لگانے والی ویب سائٹ ’سیلیبریٹی نیٹ ورتھ‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرینی صدر کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 1.5 ملین ڈالر ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زیلینسکی کے امیر ہونے میں ان کے بطور کامیڈین اداکاری کا اہم کردار ہے۔ یوکرینی صدر نے ماضی میں روسی زبان کی فلموں میں بھی اداکاری کر چکے ہیں جن میں ’لو ان دی بگ سٹی‘، ’آفس رومانس‘ اور ’8 فرسٹ ڈیٹس‘ شامل ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے بطور وائس اوور آرٹسٹ بھی مقبول فلموں میں کام کیا۔ یوکرین کے صدر کے طور پر زیلینسکی کے موجودہ کردار سے وہ ماہانہ صرف 28 ہزار یوکرینی ہریونا (930 ڈالر ماہانہ) کماتے ہیں اور اس طرح زیلنسکی کی سالانہ آمدنی 11 ہزار امریکی ڈالر ہے۔ خیال رہے کہ یوکرین کے صدر ولودو میر زیلینسکی نے روسی حملوں کے بعد ملک سے انخلا کی امریکی پیشکش کو ٹھکرا کر اپنی قوم کا دل جیت لیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ مجھے ہتھیاروں کی ضرورت ہے، بھاگنے کے لیے سواری کی نہیں۔