حکومتی اقدامات نے معیشت کو درست راہ پر ڈال دیا، وزیر خزانہ

حکومتی اقدامات نے معیشت کو درست راہ پر ڈال دیا، وزیر خزانہ
اسلام آباد: (پبلک نیوز) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات نے معیشت کو درست راہ پر ڈال دیا ہے۔ ملکی معیشت اس وقت مستحکم ہو کر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود معاشرے کے معاشی طور پر کمزور طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیکج دیا گیا۔ ابھی بھی غریب افراد کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات پاکستان کی پائیدار ترقی کے حوالے سے اے سی سی اے کے زیر اہتمام سیمنار سے خطاب میں کہی۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ حکومت نے متعدد اقدامات کرکے معیشت کو درست راہ پر ڈالا ہے۔ حکومت نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے اور معیشت کو بچانے کیلئے اقدامات کئے۔ معیشت کو بچانے کیلئے کورونا وائرس کی وبا کے دوران تاریخی ریلیف پیکیج دیا گیا اور عام آدمی کو بحران سے بچانے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ موثر پالیسیوں، حکمت عملی، عملدرآمد اور اقدامات سے بہتری ممکن ہوئی۔ معیشت کی بہتری کیلئے مالیاتی مینجمنٹ کیلئے سخت اقدامات کئے گئے۔ حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ اور ادائیگیوں کے حوالے سے مسائل درپیش تھے۔ وبا کے باعث گروتھ منفی سطح تک گر گئی تاہم ان مشکلات کے باوجود مستحقین اور متاثرین کیلئے ریلیف پیکیج لے کر آئے۔ کورونا وائرس کی وبا کے انسانی زندگیوں اور معیشت کو بچانے کے پاکستان کے اقدامات کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ حکومت نے زراعت اور برآمدی شعبوں پر خصوصی توجہ دی، جس سے ناصرف فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا بلکہ معیشت منفی سے اٹھ کر پانچ اعشاریہ چھ کی سطح پر پہنچی۔ انہوں نے کہا کہ اگر معیشت بہتر انداز میں بڑھتی رہے تو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے۔ ترسیلات زر اور برآمدات کا بھی معیشت کی بہتری میں اہم حصہ ہے۔ مالیاتی شفافیت لانے سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ روزگار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا۔ اس وقت 5 فیصد کی شرح سے معیشت نمو پا رہی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اب بھی غریب افراد کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ عالمی بحران اور مہنگائی سے غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ اس وقت ہماری توجہ متاثرین اور کم آمدنی رکھنے والے طبقات کو پیروں پر کھڑا کرنے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ فصلوں کی اچھی پیداوار سے زراعت کے شعبے میں بھی نمایاں بہتری آ رہی ہے اور پاکستان کی معیشت اس وقت مستحکم ہو کر آگے بڑھ رہی ہے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔