ویب ڈیسک: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 5جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 144.5 ارب روپے (507 ملین ڈالر) کی بولی حاصل ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی اے جنرل (ر) حفیظ الرحمان کے مطابق نیلامی کے پہلے مرحلے میں 597.2 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم فروخت ہوا۔ 700 میگا ہرٹز بینڈ کی تین میں سے دو لاٹس، 2300 میگا ہرٹز کی تمام پانچ لاٹس اور 2600 میگا ہرٹز کی تمام 19 لاٹس فروخت ہو گئیں، جبکہ 3500 میگا ہرٹز بینڈ کی 28 میں سے 22 لاٹس فروخت ہوئیں۔
ان کے مطابق ایک کمپنی نے 190 میگا ہرٹز، دوسری نے 180 میگا ہرٹز اور تیسری کمپنی نے 110 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدا۔
اس موقع پر وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلام کیا گیا ہے، جو ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس سے پہلے کم اسپیکٹرم پر کام کر رہا تھا جس کے باعث انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوتی تھی۔