ویب ڈیسک: آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایس آئی ایف سی (SIFC) کے قیام کے مقصد کو دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا۔
ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ ایس آئی ایف سی (SIFC) اور معیشت کے دیگر شعبوں میں فوج کا کردار حکومت کی منشا کے مطابق صرف اور صرف سہولت کاری کا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی اعلیٰ انتظامی اور ٹیکنیکل صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت چاہتی ہے کہ اسے پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے سہولت کاری اور رابطہ کاری کے لیے استعمال کیا جائے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اپنے قیام کے ایک سال سے کم عرصے میں ایس آئی ایف سی (SIFC) نے انتظامی، پالیسی سازی اور رابطہ کاری کی سطح پر بیش بہا خدمات انجام دی ہیں۔ گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں سعودی عرب کی جانب سے کثیر سرمایہ کاری پر آمادگی اور پاکستان کے اقتصادی ماحول پر اعتماد ان کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ افواج کی صلاحیت کو معیشت کی بہتری کے لئے دنیا بھر میں استعمال کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں جھوٹ اورپروپیگینڈہ اس قدر بڑھ گیا ہے کہ ایسے مثبت اقدام کو بھی تنقید کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔
ایس آئی ایف سی (SIFC) ایک شفاف ادارہ ہے جس میں اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت کے حامل سول اور فوجی افسران مل کر باہمی تعاون سے ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔