ویب ڈیسک: آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر شڑ ڈاون اور پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔کشمیر کی پولیس نے سیاحوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اگلے 2 دن تک کشمیر کا سفر کرنے سے گریز کریں۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، پلندری، ڈڈیال، نیلم ویلی سمیت مختلف علاقوں میں احتجاج بھی جاری ہے۔
مظفرآباد کے کشمنر مسعود الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن طریقے سے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ ریاست میں دفعہ 144 نافذ ہے، اس لیے کسی جو اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔
کمشنر مظفرآباد نے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انورالحق کا پیغام جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی تک پہنچا دیا جس میں کہا گیا کہ ’پرامن رہیں، شٹر اور پہیہ جام کے بعد بھی حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے، دارالحکومت مظفرآباد ہم سب کا شہر ہے اسے زلزلےکے بعد تنکا تنکا جمع کرکے بنایا۔
مزید کہا گیا کہ مذاکراتی کمیٹی پہلے سے بنی ہے ایکشن کمیٹی والے ہمارے بھائی ہیں، آج ایجی ٹیشن کا ماحول نہ بنایا جائے، جلسہ وجلوس پر پابندی ہے۔ پرامن احتجاج ریکارڈ کریں۔ آج ہی اگر میز پر بیٹھنا چاہتے ہیں تو ہم تیار ہیں۔
جمعے کو ایس ایس پی ٹورسٹ پولیس ریاض حیدر بُخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’کشمیر میں 10,11 مئی 2024 کو ہڑتال کا اعلان ہوا ہے۔ حالات نارمل ہونے تک ٹورسٹ پولیس سیاحوں کی رہنمائی کے لیے جملہ سیاحتی مقامات پر موجود نہ ہو گی۔‘
مزید کہا گیا کہ ’سیاحوں سے گذارش ہے کہ ان ایّام میں سفر سے اجتناب کیا جائے۔‘
آزادجموں کشمیر میں گذشتہ ایک برس سے بجلی کے بھاری بِلز اور مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ روز ڈڈیال شہر میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم بھی ہوا۔