اتنی آسانی سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہوں، عامر لیاقت کو انصاف دلوا کر رہوں گی، بشریٰ اقبال

اتنی آسانی سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہوں، عامر لیاقت کو انصاف دلوا کر رہوں گی، بشریٰ اقبال
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: پاکستان کے نامور ٹی وی میزبان ، سابق رکن قومی اسمبلی اور اسکالر عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے کہا ہے کہ اتنی آسانی سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہوں، عامر لیاقت کو انصاف دلوا کر رہوں گی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عامر لیاقت حسین کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں ملزمہ دانیہ شاہ اور وارنٹ گرفتای جاری ہونے کے بعد یوٹیوبر یاسر شامی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

ملزم یاسر شامی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیشن کورٹ نے ملزم کی ضمانت منظور کرلی ہے جس پرعدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 مئی تک ملتوی کردی جب کہ  کیس کی ملزمہ دانیہ شاہ ضمانت پر رہا ہیں۔

عامر لیاقت کی سابقہ پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں اتنی آسانی سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہوں، عامر لیاقت کو انصاف دلوا کر رہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ دانیہ شاہ عامر لیاقت کی بیوہ نہیں ہیں، انہیں خلع ہوچکی ہے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مرحوم عامر لیاقت کی بیٹی کی مدعیت میں مقدمہ درج کررکھا ہے۔

خیال رہے کہ 7 مئی کو مرحوم عامر لیاقت کی تیسری بیوہ دانیہ شاہ کی ایک وکیل کے ہمراہ ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں قانون دان دعویٰ کرتے دکھائی دئیے کہ انہوں نے دانیہ شاہ کی وراثت کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔

مختصر ویڈیو میں وکیل ہونے کا دعویٰ کرنے والے شخص اپنا تعارف شہزاد حکیم کے نام سے کرواتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ انہوں نے دانیہ شاہ کی جانب سے ان کی وراثت کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔

ویڈیو میں وکیل دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ دانیہ شاہ کو ان کا حق اور وراثت دلوا کر رہیں گے۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ وہ دیکھیں گے کہ کون دانیہ شاہ کا حق کھاتا ہے اور انہیں وراثت کا حصہ نہیں دیتا۔

یاد رہے کہ مرحوم عامر لیاقت نے فروری 2022 میں 18 سالہ دانیہ ملک سے تیسری شادی کی تھی، جنہوں نے محض 3 ماہ بعد مئی میں تنسیخ نکاح کے لیے پنجاب کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی مگر ان کی خلع ہونے سے قبل ہی مبینہ طور پر دانیہ شاہ کی جانب سے عامر لیاقت کی مبینہ آڈیو اور نازیبا ویڈیوز لیک کی گئی تھیں، جس کے کچھ عرصے بعد 9 جون 2022 کو عامر لیاقت انتقال کر گئے تھے۔

بعد ازاں عامر لیاقت حسین کے بچوں اور پہلی بیوی بشریٰ اقبال نے دانیہ ملک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے میں شکایت درج کرائی تھی اور دانیہ شاہ کے خلاف ایف آئی اے اور کراچی کی عدالتوں میں مقدمات کی سماعتیں بھی ہوئی تھیں۔

Watch Live Public News