(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فضائی اور زمینی جنگ میں بری طرح مار کھانے کے بعد بھارت اب نیوی سے بھی جنگی جنون اور جارحیت کی خبریں میڈیا پر چلوانے لگا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان سے پچھلے 72 گھنٹے سے فضا اور زمین پر مار کھانے کے بعد، بھارت غیر ملکی میڈیا میں جھوٹ بیچنے لگا، مسلح بھارتی ائیر کرافٹ کیریئر کی کراچی کی طرف پیش قدمی کی گمراہ کن خبر ٹیلی گراف میں چلوائی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ائیر کرافٹ کیرئیر انٹرنیشنل واٹر میں اسی جگہ یا اس سے بھی تھوڑاسا پیچھے ہے جہاں یہ 6/7 مئی کی رات کو بھارتی حملے کے وقت موجود تھا، بھارتی ائیر کرافٹ کیریئر اب بھی اپنی اسی جگہ پر موجود ہے اور اس نے کوئی آگے کی طرف پیش قدمی نہیں کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلی گراف آرٹیکل میں جان بھوجھ کر سنسنی مچانے کے لئے یہ کہا گیا کے کراچی ائیر پورٹ مسلح ائیر کرافٹ کریر کی رینج میں ہے، یہ دعویٰ اس لئے مضحکہ خیز ہے کیونکہ آج کل کے جدید ہتھیاروں کی لمبی رینج سے کسی بھی جگہ سے دشمن ملک کے اندرکسی بھی ٹارگٹ کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افواج پاکستان دشمن کی ہر چال اور مکاری سے پوری طرح چوکس ہیں، افواج پاکستان دشمن کے علاقے میں تمام ٹارگٹ مؤثر طریقے سے، اپنی مرضی کے وقت، جگہ اور مناسب ہتھیار سے تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں،دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب افواج پاکستان دے رہی ہیں اور دیتی رہیں گی۔