(ویب ڈیسک)چونگ کنگ (Chongqing) میں واقع لنگپائیشی روڈ، جسے ووکسی کی “ٹوکن اسٹون روڈ” بھی کہا جاتا ہے، دنیا کی خطرناک ترین پہاڑی سڑکوں میں شمار کی جاتی ہے۔ یہ انتہائی تنگ اور کھڑی زگ زیگ سڑک 18 خوفناک ہیئرپن موڑوں پر مشتمل ہے، جو کسی بھی ڈرائیور کے لیے ڈراؤنا خواب بن سکتے ہیں۔
چین اپنی حیرت انگیز انفراسٹرکچر کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ کہیں دریا کے اوپر معلق سڑکیں ہیں تو کہیں پہاڑی چوٹیوں کے درمیان معلق شاہراہیں، لیکن خطرناک سڑکوں کی بات کی جائے تو ووکسی کی ٹوکن اسٹون روڈ کا مقابلہ کرنا آسان نہیں۔
یہ سڑک جنوب مغربی چین کے ووکسی کاؤنٹی میں دو عظیم چٹانوں کے درمیان واقع ہے اور چھوٹے سے تیان پنگ کمیونٹی کو بیرونی دنیا سے ملاتی ہے۔ سڑک کی کل لمبائی تقریباً 3.7 کلومیٹر ہے، جبکہ اس کا زگ زیگ حصہ صرف 453 میٹر پر مشتمل ہے، مگر یہی مختصر راستہ تجربہ کار ڈرائیوروں کے لیے بھی ایک بڑا امتحان بن جاتا ہے۔

2012 میں تعمیر کی گئی اور 2019 میں پختہ کی جانے والی اس منفرد سڑک پر گاڑیوں کو انتہائی آہستگی سے چلانا پڑتا ہے۔ ہر موڑ اتنا تنگ اور خطرناک ہے کہ ذرا سی غلطی سنگین حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ سڑک کی ڈھلوان بعض مقامات پر 36 فیصد تک پہنچ جاتی ہے، جس کی وجہ سے گاڑیوں کو پہلی گیئر میں چلانے کی ہدایت دی جاتی ہے۔
خوش قسمتی سے تیان پنگ کمیونٹی میں صرف 137 افراد آباد ہیں، اس لیے یہ سڑک زیادہ مصروف نہیں رہتی، جو ڈرائیوروں کے لیے کسی حد تک آسانی پیدا کرتی ہے۔
انتظامیہ نے اس خطرناک راستے پر ٹرکوں، بسوں اور بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، کیونکہ وہ اس تنگ اور پیچیدہ زگ زیگ راستے سے گزرنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔ حتیٰ کہ چھوٹی گاڑیوں کو بھی موڑ کاٹنے کے لیے خاص طور پر بنائی گئی جگہوں کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔