(ویب ڈیسک )پنجاب یونیورسٹی کے فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ (FICT)جو کہ پاکستان کے بہترین 3 انفارمیشن ٹیکنالوجی کالجز میں سے ایک سمجھا جاتا تھا وہ مبینہ طور پر موجودہ چیئرمین اور ڈین کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں کے باعث روز بہ روز تنزلی کا شکار ہونے لگا ہے اور طلبہ یونین سمیت فیکلٹی کے ممبران نے بڑے پیمانے پر ہنگامی اصلاحات کا مطالبہ کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی سی ٹی (FICT)دراصل پہلے’ پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ‘ (PUCIT)کے نام سے جانا جاتا تھا جسے تبدیل کرتے ہوئے فیکلٹی کا درجہ دیدیا گیا اور اس کے زیر انتظام 4 ڈپارٹمنٹس تشکیل دیئے گئے جن میں کمپیوٹر سائنس (CS)، انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT)، سافٹ ویئر انجینئرنگ (SE)، ڈیٹا سائنس (DS) شامل ہیں ۔
ایف آئی سی یو ٹی کے ڈین کا عہدہ ڈاکٹر شہزاد سرور کے پاس ہے جبکہ وہ ڈپارٹمنٹ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین بھی ہیں ۔ ڈپارٹمنٹ سافٹ ویئر انجینئرنگ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد مرتضیٰ یوسف ، انفارمیشن ٹیکنالوجی (IT) کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر وقار الحسن ہیں ۔
حال ہی میں انتظامیہ کی جانب سے اچانک گزشتہ سمسٹر میں چھوٹ جانے والے پرچے یا فیل ہو جانے والے مضمون کے امتحان میں دوبارہ بیٹھنے کی فیس میں ہوشربا اضافہ کر دیا گیا جو کہ پہلے 3900 روپے ہوا کرتی تھی اسے بڑھا کر تین گنا سے بھی زائد کر دیا گیا ۔یہ معاملہ جب طلبہ تنظیم جمعیت کے پاس پہنچا تو طلبہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور بمشکل یونیورسٹی کی فیسیں ادا کرنے والے طالبعلم پریشانی کا شکار ہو گئے ۔
طلبہ تنظیم نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے احتجاج کا فیصلہ کیا اور ڈین کے دفتر کے باہر پرُ امن احتجاج ریکار ڈ کروانا شروع کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے ایک دھرنے کی سی شکل اختیار کر گیا ، طلبہ کے احتجاج کا معاملہ جب پنجاب یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ کے علم میں آیا تو انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ ایف سی آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر شہزاد سرور کو طلب کیا اور فیس بڑھانے کے معاملے میں اعتماد میں نہ لینے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے اضافے کو فوری واپس لینے کی ہدایت کی ۔
جس پر طلبہ تنظیموں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ڈپارٹمنٹ کے ڈین اور چیئرمین سے متعلق اپنے تحفظات اور شکایات سے آگاہ بھی کیا ۔ایف سی آئی ٹی کے طالبعلموں کا موقف ہے کہ ماضی میں یہ ادارہ سید منصور کی زیر قیادت بہترین انداز میں پھلتا پھولتا رہا لیکن فیکلٹی میں تبدیل ہونے کے بعد زوال کے ذمہ داران کا تعین کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیئے جائیں اور طالبعلموں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جائے ۔ طلبہ کا کہناتھا کہ موجودہ ڈین اور چیئرمین نے اپنے غیر ذ مہ دارانہ رویئے کے باعث ادارے کی ساخت کو مبینہ طور پر ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور ڈپارٹمنٹ کے اخراجات کو مینج کرنے کی بجائے اس کا ملبہ ہم پر ڈال کر زائد فیسیں وصول کرنا ہرگز قبول نہیں ہے۔