مریم نواز کا عوام کو بڑا ریلیف، سستے آٹے کیلئے 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور

مریم نواز کا عوام کو بڑا ریلیف، سستے آٹے کیلئے 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور
کیپشن: مریم نواز کا عوام کو بڑا ریلیف، سستے آٹے کیلئے 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامی ویڈیو لنک اجلاس طلب کیا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو ہر صورت سستا آٹا اور گندم فراہم کی جائے اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جن میں فلور ملوں کے لیے سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کی منظوری بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق فلور ملوں کو 3,800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے سستے آٹے کی فراہمی کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کا بوجھ پنجاب کے عوام کے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور سستے آٹے کی ترسیل یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ سستی روٹی کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

Watch Live Public News