خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کی تیاریاں مکمل، 12 اضلاع میں پہلے مرحلے میں نفاذ کی تجویز

 خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کی تیاریاں مکمل، 12 اضلاع میں پہلے مرحلے میں نفاذ کی تجویز
کیپشن:  خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کی تیاریاں مکمل، 12 اضلاع میں پہلے مرحلے میں نفاذ کی تجویز

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ صوبے کے 12 اضلاع میں پہلے مرحلے میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنرز اور سیکریٹریز سمیت اہم انتظامی عہدوں پر تبدیلیوں کے حوالے سے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز) کی تعیناتیوں سے متعلق فہرست بھی تیار کر لی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کا حتمی فیصلہ حکومت اور اپوزیشن کے وفود کے درمیان مذاکرات کے نتائج سے مشروط ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف سمیت اپوزیشن اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کی صورت میں ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ نہ کرنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب اس معاملے پر وفاقی کابینہ کے ارکان کو اسلام آباد میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی جلد بلائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس کے دوران قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا جائزہ لیے جانے کا بھی امکان ہے۔

پی ٹی آئی قیادت کی اہم مشاورت، لانگ مارچ پر بھی گفتگو متوقع

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنماؤں کی آج وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات متوقع ہے، جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتِ حال اور وفاقی سطح سے موصول ہونے والے پیغامات پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں لانگ مارچ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں، جن میں بیرسٹر گوہر بھی شامل ہیں، کی وزیرِ اعلیٰ سے مشاورت کے بعد اہم سیاسی فیصلے سامنے آنے کا امکان ہے۔

Watch Live Public News