مزدوروں کی کم ازکم اجرت 40ہزارمقرر،نوٹیفکیشن جاری

مزدوروں کی کم ازکم اجرت 40ہزارمقرر،نوٹیفکیشن جاری
کیپشن: مزدوروں کی کم ازکم اجرت 40ہزارمقرر،نوٹیفکیشن جاری

ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے مزدوروں کے لیے ایک اہم اور تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق تمام صنعتی و تجارتی ادارے اپنے ملازمین کو 26 ورکنگ ڈیز کے حساب سے کم از کم 40 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دینے کے پابند ہوں گے۔

وزیر لیبر و افرادی قوت پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ مزدوروں کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی یا استحصال برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اگر ایک مزدور روزانہ 8 گھنٹے کام کرتا ہے تو اسے فی دن 1538 روپے 46 پیسے اجرت ملے گی، جو مجموعی طور پر 40 ہزار روپے ماہانہ بنتی ہے۔

وزیر لیبر نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مزید پالیسیوں پر بھی غور جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدور طبقہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، لہٰذا انہیں ان کی محنت کا جائز معاوضہ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے محکمہ لیبر ویلفیئر کو ہدایت دی کہ کم از کم اجرت کے اس حکم نامے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ جو ادارے یا مالکان مزدوروں کو مقررہ اجرت دینے سے گریز کریں گے، ان کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ حالیہ مہنگائی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مزدور طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا تھا، ایسے میں پنجاب حکومت کے اس فیصلے کو عام شہریوں نے سراہا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس فیصلے پر مکمل عمل درآمد ہو گیا تو یہ مزدور خاندانوں کے لیے ایک بڑی ریلیف ثابت ہوگا۔

Watch Live Public News