گاڑی میں میڈم نورجہاں کا گانا سننے والے شہری کیخلاف مقدمہ درج

گاڑی میں میڈم نورجہاں کا گانا سننے والے شہری کیخلاف مقدمہ درج
کیپشن: گاڑی میں میڈم نورجہاں کا گانا سننے والے شہری کیخلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک: لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ایک دلچسپ مگر سبق آموز واقعہ پیش آیا جہاں ایک شہری کو اپنی گاڑی میں مشہور گانا اونچی آواز میں سننا مہنگا پڑ گیا۔پولیس نے ملکہ ترنم نورجہاں کا مشہور گانا "جھانجراں دے پاواں چھنکار" بلند آواز میں چلانے پر شہری کے خلاف ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ نواب ٹاؤن پولیس نے یہ کارروائی اے ایس آئی رحمت کے بیان پر کی۔ ایف آئی آر میں درج ہے کہ ملزم گاڑی میں گانا اتنی بلند آواز میں چلا رہا تھا کہ اس سے شہریوں کو پریشانی اور شور شرابہ پیدا ہوا۔ یہ حرکت ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔

پولیس کے مطابق جب گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزم نے فرار ہونے کی بھی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے تعاقب کرتے ہوئے گاڑی کو قابو کر لیا اور ڈرائیور کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔ شہری کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ایس ایچ او میاں تحسین احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اس کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساؤنڈ ایکٹ کی خلاف ورزی سے نہ صرف عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ یہ شہری ماحول کو بھی متاثر کرتی ہے، اس لیے پولیس ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

ایس پی صدر ڈویژن رانا حسین طاہر نے بھی واضح کیا کہ ساؤنڈ ایکٹ کے خلاف ورزی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو چاہیے کہ وہ قانون کا احترام کریں، بصورت دیگر انہیں قانونی نتائج بھگتنا ہوں گے۔

یہ واقعہ شہریوں کے لیے ایک سبق ہے کہ چھوٹی سی لاپرواہی بھی قانونی کارروائی کا باعث بن سکتی ہے، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ ذاتی تفریح کو دوسروں کے سکون پر حاوی نہ کریں اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔

Watch Live Public News