ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز محمد یوسف نے قومی ٹیم کے بیٹرز کی تکنیکی خامیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا ہے کہ ’بہت دیر ہونے سے پہلے بیٹنگ سیکھ لیں‘۔
انگلینڈ کے خلاف برمنگھم ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بیٹنگ لائن اپ ایک بار پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
محمد یوسف نے پاکستانی بلے بازوں کی تکنیک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیٹرز گیند آنے سے پہلے ہی مسلسل اپنی پوزیشن تبدیل کرتے رہے، جس کے باعث وہ گیند کی لائن اور لینتھ کا درست اندازہ نہیں لگا پاتےہیں۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ اگر بلے باز گیند آنے سے پہلے سینہ کھول کر مسلسل آگے پیچھے ہوتے رہیں تو ان کے لیے گیند کی لائن اور لینتھ کو جج کرنا مشکل ہوجاتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ جسم سے دور جاکر شاٹس کھیلتے ہیں۔
محمد یوسف نے قومی ٹیم کی بیٹنگ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کی کارکردگی کے لیے ایک ہی جملہ کافی ہے: ’سیکھو، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں اننگز اور 103 رنز جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 194 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔