(ویب ڈیسک ) ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ میں رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 1.9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی سالانہ ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت سیاسی غیر یقینی اور سیلاب کے باعث سکڑ گئی، پاکستان کو خواتین کی مالیاتی شمولیت کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں رواں مالی سال مہنگائی 25 فیصد کی سطح پر رہنے کا امکان ہے جبکہ رواں مالی سال پاکستان کی شرح نمو 1.9 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام معاشی بحالی اور اصلاحات کیلئے اہم چیلنج ہے، پاکستان کو بیرونی ادائیگیوں کیلئے عالمی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک پر انحصار کرنا پڑے گا، رواں مالی سال زرعی پیداوار اور صنعتی شعبے میں بہتری کی امید ہے، تعمیراتی شعبے میں لاگت بڑھنے اور ٹیکس میں اضافے سے ترقی متاثر ہوئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی آئندہ مالی سال شرحِ نمو 2.8 فیصد ہونے کا امکان ہے جبکہ مہنگائی میں آئندہ مالی سال کمی آنے کی امید ہے، مہنگائی کی شرح 15 فیصد تک آجائے گی۔آئندہ سال اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام آئے گا،آئی ایم ایف پروگرام کے تحت توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی زیادہ رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق ایشیائی ممالک میں مقامی طلب و ترقی اور برآمدات اور سیاحت بڑھنے سے خطے کی شرح نمو 4.9 فیصد رہنے کا اندازہ ہے، خطے میں مہنگائی کی لہر میں کمی آئے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال گزشتہ 5 دہائیوں سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ کی گئی، اصلاحات پر عمل کیا گیا تو معاشی بحالی کا عمل رواں سال سے شروع ہو جائے گا۔