ویب ڈیسک: پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیے ہیں۔ جہاں ایک طرف بارش نے گرمی کی شدت کو کم کیا تو دوسری جانب شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
پنجاب میں بارش، پی ڈی ایم اے کی ہنگامی ہدایات
پی ڈی ایم اے پنجاب کے ترجمان کے مطابق لاہور، فیصل آباد، چکوال، جہلم، جوہر آباد، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ سمیت دیگر اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور نشیبی علاقوں میں پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہو گی تاہم ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری ضروری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ کچے یا بوسیدہ مکانات کے مکینوں کو بھی محفوظ جگہوں پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
لاہور میں کلین مشن اور نکاسی آب کی نگرانی
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے شہر کے مختلف علاقوں، نیلا گنبد اور لٹن روڈ کا دورہ کیا اور صفائی و نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ سی ای او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا اور اسسٹنٹ کمشنر علی بابر رائے بھی موجود تھے۔
ڈی سی لاہور نے واسا حکام کو ہدایت دی کہ نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز میں پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کو بارش کے بعد صفائی آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔ تجاوزات کے خاتمے، مارکیٹوں کی ری ڈیزائننگ اور بصری آلودگی (بینرز، پوسٹرز، فلیکسز) کے خاتمے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ڈی سی لاہور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر " کلین مشن" بھرپور انداز میں جاری ہے تاکہ شہر کی خوبصورتی برقرار رکھی جا سکے۔
خیبر پختونخوا میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، ہزارہ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی اور تورغر سمیت بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز ہواؤں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دیر میں سب سے زیادہ 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ مالم جبہ میں 11، پٹن میں 10، کالام اور سیدو شریف میں 4، اور پشاور ایئرپورٹ، چترال، دورش اور لنڈی کوتل میں 1 ملی میٹر بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔