امریکا ایران میں دو ادوار پر مشتمل باضابطہ مذاکرات مکمل، ماحول مثبت رہا، ذرائع

امریکا ایران میں دو ادوار پر مشتمل باضابطہ مذاکرات مکمل، ماحول مثبت رہا، ذرائع
کیپشن: امریکا ایران میں دو ادوار پر مشتمل باضابطہ مذاکرات مکمل، ماحول مثبت رہا، ذرائع

ویب ڈیسک: پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں جاری امریکا اور ایران کے مذاکرات کے دو اہم مراحل مکمل ہو گئے ہیں، جبکہ فریقین کے درمیان بات چیت کا عمل جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں امریکی اور ایرانی وفود کے درمیان علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا آغاز ہوا۔

مذاکرات کے دوران امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے ایرانی وفد سے ملاقات کی، جبکہ امریکی حکام نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے براہِ راست گفتگو کی۔ یہ ملاقات فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی میں ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت دونوں وفود کے درمیان ورکنگ ڈنر جاری ہے، جس کے بعد تیسرے مرحلے میں تکنیکی سطح کے مذاکرات شروع ہوں گے۔ ان مذاکرات میں دونوں جانب کے سینیئر حکام شرکت کریں گے اور اہم امور کی تفصیلات پر بات چیت کی جائے گی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذاکرات کا مجموعی ماحول مثبت رہا ہے اور نتائج بھی حوصلہ افزا قرار دیے جا رہے ہیں، جس سے پیش رفت کی امید بڑھ گئی ہے۔

Watch Live Public News