پشاور: عدالت نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک اسد قیصر کے خلاف انکوائری سے روک دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ایف آئی اے طلبی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ، جس پر عدالت نے مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت تک سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف انکوائری سے روک دیا۔ عدالت نے ایف آئی اے سے چھ سوالات کا جواب مانگ لیا ہے،عدالت نے سوال کیا ہے کہ کیا الیکشن کمیشن نے کارروائی کے لئے کوئی ہدایات جاری کی ہیں، کیا وفاقی حکومت نے ایف آئی اے کو اس کیس میں تحقیقات کا کہا ہے۔ عدالت نے سوال میں پوچھا ہے کہ کیا پولیٹکل پارٹی آرڈر 2002 ایف آئی اے کے دائرہ کار میں آتا ہے، کیا ایف آئی اے کا طلبی کا نوٹس بدنیتی اور سیاسی اثر رسوخ پر مبنی تو نہیں، کیا ایف آئی اے کے پاس کارروائی کا اختیار ہے کہ نہیں۔ خیال رہے کہ ایف آئی اے نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو 11 اگست کو تحقیقاتی ایجنسی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔جسے انہوں نے پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔