اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات ہمیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور تمام لوگوں کے درمیان برابری کا درس دیتی ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اقلیتوں کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہر سال 11 گست کا دن پاکستان میں اقلیتوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے، آج کے اس پرمسرت دن کے موقع پر میں قوم کی تعمیر کے عمل میں اقلیتوں کے اہم کردار کو اجاگر کرنا چاہتا ہوں، ہم ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کا اعتراف کرتے ہیں اور انہیں اس پر سراہتے ہیں۔ انہوں نے اقلیتوں کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، آئین تمام شہریوں کو ان کے مذہبی عقائد یا نسل سے قطع نظر سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بحیثیتِ مسلمان ہم اسلام کی ان تعلیمات سے متاثر ہیں جو ہمیں ایک متنوع معاشرے میں ہم آہنگی اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور تمام لوگوں کے درمیان برابری کا درس دیتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل کوششیں کی ہیں، جن میں سرکاری ملازمتوں میں 5 فیصد کوٹہ اور پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ان کیلئے الگ نشستیں مختص کرنا شامل ہیں، اس کا مقصد ملک کی سیاسی اور اقتصادی ترقی میں ان کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلباکو ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں مدد اور ان کی عبادت گاہوں کے تحفظ کیلئے گرانٹس، مالی امداد اور اسکالرشپ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، یہ اقدامات پاکستان میں ایک جامع اور نمائندہ معاشرے کے فروغ کی جانب ہمارے عزم کا ثبوت ہیں۔