ویب ڈیسک: بارش سے متاثرہ دوسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دیکر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔
تفصیلات کے مطابق ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی اننگز کے دوران میچ کو بارش کی وجہ سے تین بار روکا گیا۔ بعد میں پاکستان کی اننگز کو 37 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔
گرین شرٹس کی طرف سے حسن نواز 36، حسین طلعت 31 جبکہ عبداللہ شفیق 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے جیڈن سیلز تین وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے۔
بارش کی وجہ سے میزبان ٹیم کو ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 35 اوورز میں 181 رنز کا ہد ملا جو ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ روسٹن چیز 49 رنز اور جسٹن گریوز 26 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ اس کے علاوہ رتھر فورڈ نے 45 جبکہ شائے ہوپ نے 32 رنز بنائے۔
قومی ٹیم کی طرف سے حسن علی اور محمد نواز نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
خیال رہے کہ پہلے میچ میں شرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔