ویب ڈیسک: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) سے اپیل کی ہے کہ وہ 14 اگست، یوم آزادی کے موقع پر اعلان کردہ احتجاجی کال واپس لے یا اسے کسی اور دن منتقل کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ دن قوم کے لیے خوشی اور کامیابی کا دن ہے اور اسے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ منانا چاہیے۔
نجی ٹی وی کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ 14 اگست کا دن معرکۂ حق کی کامیابی کے طور پر منایا جا رہا ہے، اس لیے پی ٹی آئی کو اپنا احتجاج ایک دن پہلے یا بعد میں رکھنا چاہیے تاکہ قومی دن کی خوشیاں کسی تنازعے کی نذر نہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف فوجی سربراہ کی مدت میں توسیع (ایکسٹینشن) کے مخالف ہیں، جبکہ آئین میں 27ویں ترمیم اس وقت زیر غور نہیں ہے۔ تاہم ان کے مطابق کسی بھی آئینی ترمیم کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے، اور یہ عمل جمہوری دائرے میں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ 6 اگست کو پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے پیغام جاری کیا گیا تھا، جس میں پارٹی کو ہدایت دی گئی تھی کہ ملک میں جاری "فاشزم" کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے۔ یہ اعلان 5 اگست کو ہونے والے پی ٹی آئی کے ناکام احتجاج کے ایک دن بعد سامنے آیا تھا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر احتجاج کی صورت میں حالات کشیدہ ہو سکتے ہیں، اسی لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بات چیت ضروری ہے تاکہ سیاسی تنازع کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔