عمران خان کا طبی معائنہ،علی امین گنڈاپورکا اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع

عمران خان کا طبی معائنہ،علی امین گنڈاپورکا اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع
کیپشن: عمران خان کا طبی معائنہ،علی امین گنڈاپورکا اسلام آبادہائیکورٹ سے رجوع

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے باقاعدہ طبی معائنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ یہ درخواست عمران خان اور علی امین گنڈاپور کی جانب سے مشترکہ طور پر دائر کی گئی، جس میں پنجاب حکومت، انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات، جیل ہسپتال اور شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال کو فریق بنایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کی عمر 72 برس ہے اور ان کے لیے باقاعدہ طبی معائنہ نہایت ضروری ہے۔ جیل میں قید کے دوران ان کا وزن کم ہوچکا ہے اور خدشہ ہے کہ وہ مختلف طبی مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کی مکمل طبی ہسٹری شوکت خانم ہسپتال کے پاس موجود ہے، جہاں وہ ماضی میں بھی زیر علاج رہ چکے ہیں۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کی خصوصی طبی ٹیم کو ہر ماہ جیل میں آکر بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کرنے اور ضروری ٹیسٹ کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس ٹیم میں ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی شامل ہوں گے، جو معائنے کے بعد رپورٹس تیار کریں گے۔

مزید استدعا کی گئی ہے کہ یہ تمام میڈیکل رپورٹس ہر ماہ عدالت میں جمع کرائی جائیں اور ان کی ایک نقل عمران خان کے اہل خانہ کو بھی فراہم کی جائے، تاکہ ان کی صحت کے بارے میں مکمل آگاہی برقرار رہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ یہ اقدام بانی پی ٹی آئی کی جان اور صحت کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔

Watch Live Public News