پاکستانی فضائی حدود کی بندش، ایئر انڈیا کا امریکا کیلئے سروس بند کرنے کا اعلان

پاکستانی فضائی حدود کی بندش، ایئر انڈیا کا امریکا کیلئے سروس بند کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک: ایئر انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم ستمبر سے بھارت اور امریکا کے دارالحکومتوں کے درمیان فضائی سروس معطل کر دےگی، جس کی وجہ پرانے بوئنگ طیاروں کی مجوزہ اپ گریڈیشن کے باعث طیاروں کی کمی اور پاکستان کی فضائی حدود کی بندش بتائی گئی ہے۔

نئی دہلی اور واشنگٹن ڈی سی کے درمیان پروازوں کی معطلی ایئر انڈیا کے لیے ایک اور دھچکا ہے، جو اس وقت سخت ریگولیٹری جانچ پڑتال کے عمل سے گزر رہی ہے۔ یہ جانچ احمد آباد میں جون میں پیش آنے والے ایک حادثے کے بعد تیز ہوئی، جس میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ایئر لائن کے مطابق بیڑے میں طیاروں کی منصوبہ بندی کے تحت کمی اور پاکستان کی فضائی حدود کی مسلسل بندش نے طویل فاصلے کی پروازوں کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں پروازوں کے راستے لمبے ہوگئے اور آپریشنل پیچیدگی میں اضافہ ہوا۔

کمپنی اپنے بیڑے کو اپ گریڈ کرنے کے لیے 40 کروڑ ڈالر کی لاگت سے ریٹروفٹ پروگرام شروع کر چکی ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی  کی ایک سابقہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے ایئر انڈیا کو 12 ماہ میں 60 کروڑ ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان نے ایک دوسرے کی فضائی حدود اس وقت بند کیں جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان جنگ ہوئی، اور امریکی صدر ٹرمپ کی ثالثی میں سیز فائر ہوا۔

Watch Live Public News