(ویب ڈیسک) عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں کہ یہ ہمیشہ اسلحہ سے لیس ہو کر آئے، پی ٹی آئی نے اپنے احتجاجوں میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو شہید کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے راولپنڈی مال روڈ پر پی ٹی آئی کے کارکن کی فائرنگ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کی سیاست کرنا، اسلحہ سے لیس ہو کر احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے، پی ٹی آئی کارکن کی جانب سے سیکورٹی اہلکار پر فائرنگ کا کوئی جواز نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کی بھی کال دی ہے، پی ٹی آئی کے تمام احتجاج ریکارڈ پر ہیں کہ یہ ہمیشہ اسلحہ سے لیس ہو کر آئے، پی ٹی آئی نے اپنے احتجاجوں میں پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں کو شہید کیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی پرامن احتجاج پر یقین نہیں رکھتی، ان کے مقاصد اور عزائم پوری قوم دیکھ چکی ہے،مسلح ہو کر دن دیہاڑے سیکورٹی اہلکار پر فائرنگ قابل مذمت ہے،تشدد پی ٹی آئی کا نظریہ ہے، انہوں نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے، ان کا کوئی ایک احتجاج بھی پرامن نہیں ہوا،آج کے واقعہ سے بہت سی چیزیں دنیا کے سامنے آئی ہیں۔
وزیر اطلاعات نےکہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن سے پی ٹی آئی کا جھنڈا اور دیگر دستاویزات بھی برآمد ہوئیں، یہ ملک میں انارکی پھیلانا اور امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کی ترقی پی ٹی آئی کو ہضم نہیں ہو رہی، یہ ہر اہم موقع پر احتجاج کا اعلان کر دیتے ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ پی ٹی آئی کے ہر احتجاج کے پیچھے مذموم مقاصد ہیں،یہ امن و امان کو تباہ کر کے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، ان شاء اللہ پاکستان ترقی کرتا رہے گا،پاکستان کی قیادت ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے، ان شاء اللہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کو ہر محاذ پر فتح ہوگی اور دشمنوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔