(ویب ڈیسک) پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات نہ مانے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کردیں گے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرزکا حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم، حکومت نے مطالبات نہ مانے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز 15 اگست صبح 6 بجے سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کریں گے،مطالبات کی منظوری تک پیٹرول پمپس دوبارہ نہیں کھولیں گے۔
پیٹرولیم ڈیلرز نے پیٹرول پر مارجن 8 فیصد کرنے کا مطالبہ کردیا۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ ملک بھر کے پیٹرولیم ڈیلرز کے اجلاس میں ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا،ملک بھر سے ڈیلرز نے اجلاس میں شرکت کی۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے،14 ہزار ممبرز کا ہم پر دباؤ ہے، حکومت مطالبات تسلیم کرے، ورنہ 15 اگست صبح 6 بجے سے پیٹرول پمپس پر کاروبار بند کردیا جائے گا اورمطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رہے گی۔