وزیر اعظم کی پی ایس ایل میچز ملک بھر میں کرانے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت

وزیر اعظم کی پی ایس ایل میچز ملک بھر میں کرانے کیلئے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان سپر لیگ کے میچز کا انعقاد ملک بھر میں کرانے کے لئے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور کے حوالے سے اہم اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ کا کھیل پوری قوم کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے جس سے قومی جذبہ ابھرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ٹیم ورک کی بدولت ہی پاکستان کرکٹ ٹیم متحد ہو کر ہر میدان میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ وزیراعظم نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی میں ٹرینرز ، سپورٹ اسٹاف اور دیگر عہدیداران کی تعیناتی کرتے ہوئے ملکی مفاد اور وقار کا خیال رکھا جائے۔ کھلاڑیوں کو اچھی کوچنگ کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت بھی کی جائے تاکہ وہ ہر سطح پر ملک و قوم کی بہتر نمائندگی کر سکیں۔ مزید برآں وزیر اعظم نے کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے انتخابات بطریق احسن کروانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کرکٹ کو ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ اندرون سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان، کے پی کے نئے ضم شدہ اضلاع، آزاد جموں و کشمیر وغیرہ میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جس کو قومی سطح پر نمائندگی کاموقع دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم اور پشاور کے اربابِ نیاز اسٹیڈیم کی بحالی کا کام فوری شروع کیا جائے تاکہ یہاں قومی اور بین الاقوامی کرکٹ میچز کا انعقاد کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے کرکٹ اسٹیڈیم اور گلگت بلتستان کے علاقے نگر میں موجود پسن اسٹیڈیم کو کرکٹ میچوں کے انعقاد کےقابل بنایا جا سکتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کرکٹ بورڈ کو ضلع نگر کے پسن اسٹیڈیم کا فوری سروے کرانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کرکٹ اسٹیڈیمز کی جدید خطوط پربحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ جدید سہولیات سے آراست نئے کرکٹ اسٹیڈیمز اور ان کے ساتھ بین الاقوامی معیار کے ہوٹلز اور شاپنگ ایریاز کے قیام کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے تاکہ سیاحت کو بھی فروغ دیا جا سکے۔ وزیراعظم نے کرکٹ کی ترقی کے لئے اسلام آباد میں 4 کرکٹ گراؤنڈز کو سی ڈی اے سے لے کر پاکستان کرکٹ بورڈ کی سرپرستی میں دینے کی ہدایت بھی کی۔ پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے وزیراعظم نے لیگ کے میچز کا انعقاد ملک بھرمیں کرانے کے لئے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کرکٹ کے میدان میں دوست ممالک کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے فروغ کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان سپر لیگ کا انعقاد فروری 2024 میں ہو گا۔ لیگ کے میچز کراچی ، لاہور ، راولپنڈی اور ملتان میں منعقد ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا ۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کرکٹ ایسوسی ایشنز کی تعداد 6 سے بڑھا کر 16 کر دی گئی جس سے علاقائی ٹیلنٹ اجاگر ہو گا۔ مزید برآں اسلام آباد ، لاہور، کراچی، گوجرانوالہ، پشاور اور بہاولپور میں کرکٹ کے انفراسٹرکچر کی تعمیر پر کام ہو رہا ہے ۔قذافی اسٹیڈیم لاہور ، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ملتان اسٹیڈیم کی شمسی توانائی پر منتقلی پر کام کیا جا رہا ہے۔اجلاس کو پاکستان میں خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے اٹھائے جا رہے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد ، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محمد ذکاء اشرف، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، چیف سلیکٹر وہاب ریاض اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی پی سی بی کے عہدیداران محمد حفیظ، عمر گل اور سعید اجمل نے بذریعہ وڈیو لنک آسٹریلیا سے اجلاس میں شرکت کی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔