لاہور میں بسنت کا اعلان،تیاریاں شروع، رجسٹریشن کا آغاز

لاہور میں بسنت کا اعلان،تیاریاں شروع، رجسٹریشن کا آغاز

(ویب ڈیسک ) لاہور میں 6،7 اور 8 فروری کو بسنت کا اعلان کیا گیا ہے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ لاہور نے بسنت تیاری شروع کر دی ہے۔

پنجاب میں بسنت سے قبل پتنگ بازی کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے پتنگ اور ڈور تیار، فروخت کنندگان اور کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  پتنگ ڈور سازوں، فروخت اور ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کے لیے چار کیٹیگریز کے فارم جاری کیے گئے ہیں ۔

فارم "اے پتنگ سازوں اور ڈور بنانے والوں کی رجسٹریشن کے لیے جاری ہوگا۔رجسٹرڈ افراد کو سرکاری سرٹیفکیٹ فارم "بی" کے ساتھ جاری کیا جائے گا جس پر کیو آر کوڈ درج ہوگا۔

فارم بی میں جاری کیے جانیوالا کیو آر کوڈ ہی ڈور اور پتنگوں پر لگے گا۔فارم بی سے حاصل کیا جایوالا کیو آر کوڈ پتنگ و ڈور فروش کے پینا فلسکز اور  دکانوں پر بھی درج ہوگا۔فارم بی سرٹیفکیٹ دکان کے اندر نمایاں جگہ پر لگانا بھی لازم ہوگا۔

پتنگ کا سائز 40 انچ سے زائد نہیں ہوگا۔ گڈا 30 انچ سے زائد چوڑائی کا نہ ہوگا۔ ڈور کاٹن سے تیار کردہ دھاگے سے بنائی جائیگی جس میں 9سے زائد تاریں نہیں ہونگی۔مانجھا میں گلو، سادہ رنگ ، آٹا اور کمزور شیشے کا استعمال کیا جا سکے گا۔ ڈور کے لیے صرف پنے کی اجازت ہوگی ، چرخی نہیں بنائی جا سکے گی۔تیز مانجھا ، تندی، دھاتی تار اور کیمیکل ممنوع ہوگی۔

کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کے لیے فارم "سی" اور فارم "ڈی" مختص کیے گئے ہیں۔ پتنگ اور ڈور کے سائز، میٹریل اور معیار کو شیڈول ون کے مطابق سختی سے نافذ کیا جائے گا۔ 

رجسٹرڈ ایسوسی ایشنز ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں بسنت کے انتظامات میں معاونت کریں گی۔ضابطہ کار کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف رجسٹریشن منسوخی اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پتنگ، ڈور بنانے والوں کے لیے 1 ہزار روپے رجسٹریشن فیس ہوگی۔ ڈور اور پتنگ کی فروخت کرنے کے مقام کی اجازت ضلعی انتظامیہ دے گی۔

Watch Live Public News