مسلم لیگ ن انتخابات کی تیاری شروع کرچکی ہے،مریم نواز

مسلم لیگ ن انتخابات کی تیاری شروع کرچکی ہے،مریم نواز
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ نے الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے، یہ بزدلوں کی طرح چھپ کر بیٹھا ہے، ہم الیکشن ہارنے کیلئے نہیں جیتنے کیلئے اتریں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے تنظیمی ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران مریم نواز شریف نے نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو آپ کی سلیکشن کمیٹی تھی نہ وہ ٹوٹ گئی ہے، سلیکٹرز گھر چلے گئے ہیں ، انہوں نے کان پکڑے ہوئے ہیں، بابا رحمتا اس قوم کے لئے سب سے بڑا بابا زحمت بن گیا ہے ، گلی ، گلی صداقت اور امانت کے پول کھل رہے ہیں۔ نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے مریم نے کہا کہ ان لوگوں میں اتنا جذبہ ہے، جب بھی نوجوانوں کو دیکھتی ہوں حوصلہ بڑھ جاتا ہے، اس بار کارکنان نے اسلام آباد کی سیٹیں جیت کر دکھانی ہیں ، ہم نے کمر باندھ لی ہے، کارکنان نعرے جھوٹ گالی کی سیاست چھوؑڑ دو، یہ دیکھیں کارکنان کا مستقبل کس کے ہاتھ میں ہے، 1 کروڑ نوکریوں کا وعدہ کر کے نوکریاں چھین لیں، نواز شریف نے سی پیک شروع کیا تو ترقی آئی، 22،22گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کو صفر پر لایا، کارکنان الیکشن کی تیاری کے لئے باہر نکلیں گے، سوشل میڈیا پر مہم چلائیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انگوٹھیوں اور ہیروں کا بھی اب حساب بھی دینا پڑے گا اور فارن فنڈنگ کا حساب بھی ، ن لیگی کارکنوں سے حلف لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وعدہ کرو کہ آج کے بعد گھر نہیں بیٹھوں گے، الیکشن مہم چلاؤں گے، یہ مریم نواز یا ن لیگ کی جنگ نہیں قوم کی جنگ ہے جسے لڑنا ہے، قوم کی امیدوں کا دیہ ہم نہیں بجھنے دیں گے ،یہ ملک ہمارا ،ہمارے نوجوان کا ہے۔ مریم نواز نے ن لیگی دور کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہا کہ چار سال جو میٹرو مکمل نہ ہوسکی اس کو وزیر اعظم شہباز شریف نے صرف 15 دن میں کھول دیا، عوام کی سہولت کے لئے ترقیاتی منصوبے شہباز اسپیڈ سے مکمل ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے 2016 میں اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے ریفارم کا بیڑا اٹھایا تھا ، یلو بسیں جب سڑکوں پر گزرتی ہیں تو نوازشریف کی یاد آتی ہے؟، مگر ان چار سالوں میں 200 بسوں سے 201بسیں نہیں ہوئیں، موازنہ 2022 کا 2023 سے نہیں ہوگا، موازنہ سابق وزیر اعظم عمران خآن کے کے پی میں 10 سال اور شہباز شریف کے پنجاب میں 10 سال سے ہوگا ۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔