ویب ڈیسک: کراچی کی سڑکوں پر ممنوع اوقات میں ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت رک نہ سکی۔ شہر میں دندناتے ڈمپر نے ایک اور جان لے لی، ہاکس بے مشرف کالونی کے قریب ڈمپرکی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کے واضح اعلان کے باوجود شہر قائد میں ڈمپرز کے ذریعے حادثات کا سلسلہ نہیں تھم سکا، ہاکس بے مشرف کالونی کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت صدیق کے نام سے ہوئی ہے، لاش کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
نامعلوم افراد کی ڈمپر کو آگ لگانے کی کوشش:
دوسری جانب لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب نامعلوم افراد نے ٹرالر کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس کی نفری نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر کو جلنے سے بچا لیا۔
بتایا گیا ہے کہ ٹرالر خرابی کے باعث مین سڑک پر کھڑا تھا کہ اس دوران نامعلوم افراد آئے اور ٹرالر کو جلانے کی کوشش کی۔ نامعلوم مشتعل افراد نے ٹرالر کے سائیڈ گلاس توڑ دیے۔
مال بردار ٹرکوں کو آگ لگانے والے 5 افراد گرفتار:
کراچی کے علاقے لانڈھی میں نامعلوم افراد کی جانب سے مال بردار دو ٹرکوں کو آگ لگانے کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تاہم واقعے کا مرکزی ملزم ناظم کالا موقع سے فرار ہے۔ جس کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔
متاثرہ مال بردار ٹرکوں کو سڑک سے ہٹا کر تھانے منتقل کردیا گیا۔ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔
کراچی پولیس چیف کا سخت کارروائی کا حکم:
کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے ہیوی گاڑیوں کوآگ لگانے والے افراد کیخلاف سخت ایکشن کا حکم دیدیا ہے۔
اپنے بیان میں جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ کسی کی املاک کو نقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دینگے۔گاڑیوں کوجلانےوالے10 سے زائد افراد کو گرفتارکیاہے۔گرفتارملزمان کےخلاف دہشتگردی ایکٹ کےتحت مقدمہ درج ہوگا۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والی خاتون دوران علاج جاں بحق ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق متوفیہ کی شناخت 30 سالہ عائشہ کے نام سے کی گئی ہے، لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔
حادثہ تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا تھا، تیز رفتار گاڑی نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو ٹکر ماری تھی، حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 8 سالہ بچی معمولی زخمی ہوئی، جبکہ باپ محفوظ رہا۔
اس سے قبل گزشتہ رات بھی منگھو پیر میں موٹرسائیکل سوار نوجوان واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل سندھ حکومت نے دن کے اوقات میں شہر میں ڈمپر کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا تھا، ڈمپرز کو رات 11 سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی۔