ویب ڈیسک: کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ ایک سیکنڈری اسکول اور قریبی رہائش گاہ میں پیش آیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسکول کے اندر چھ افراد مردہ پائے گئے، جبکہ ایک زخمی شخص اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔ مزید دو افراد کی لاشیں ایک گھر سے برآمد ہوئیں۔
پولیس نے بتایا کہ مبینہ حملہ آور بھی اسکول کے اندر مردہ پایا گیا، جس کی موت خود کو لگنے والے زخموں کے باعث ہوئی۔ واقعے میں 25 سے زائد افراد زخمی ہوئے، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ انہیں فوری طور پر ایئر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق حملے کے محرکات تاحال واضح نہیں ہو سکے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ واقعہ ایک چھوٹے قصبے میں پیش آیا جہاں آبادی چند ہزار افراد پر مشتمل ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سانحے کے بعد علاقے میں شدید غم و صدمے کی فضا قائم ہے جبکہ رہائشی اور حکام اس اندوہناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔