ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کے کنٹینر میں " تیل نظر نہیں آ رہا"۔
وہ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان کے اس بیان پر ردعمل دے رہے تھے جس میں نئے احتجاج کی تیاری اور کنٹینر کسی بھی شہر کا رخ کرنے سے متعلق بات کی گئی تھی۔
میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وفاق اور خیبر پختونخوا کے درمیان بہتر ورکنگ ریلیشن ہونا چاہیے، کیونکہ صوبے وفاق کے تعاون کے بغیر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیر اعظم کی ملاقات پہلے ہو جانی چاہیے تھی۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نہ امن و امان قائم ہو سکا اور نہ ہی معاشی استحکام آیا، جبکہ پارلیمنٹ پر عوام کا اعتماد بھی مجروح ہوا ہے۔ ان کے بقول ملک عالمی مالیاتی اداروں کے دباؤ میں ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ وہ پاکستان کی تقسیم کا تصور بھی نہیں کر سکتے اور بلوچستان و خیبر پختونخوا کے عوام کے حقوق پر سنجیدہ مکالمہ ضروری ہے۔ انہوں نے امریکا پر خطے میں عدم استحکام پھیلانے کی کوششوں کا الزام بھی عائد کیا۔