موسلادھار بارشیں : وزیر اعظم کی عوام کے تحفظ کیلئے صوبائی حکومتوں کو ہدایت

موسلادھار بارشیں : وزیر اعظم کی عوام کے تحفظ کیلئے صوبائی حکومتوں کو ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں سے عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومتوں اور این ڈی ایم اے کو ہدایت جاری کردیں۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ عوام کے تحفظ اور نقصانات سے حتی الامکان بچاؤ کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں، وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو صوبائی حکومتوں اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ اشتراک عمل کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ وفاق کی جانب سے صوبائی حکومتوں اور اداروں کی بھرپور مدد کی جائے، خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے، متاثرہ عوام کو عارضی پناہ گاہوں اور خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ہنگامی طبی امداد اور وبائی امراض سے بچاؤ کے لئے میڈیکل ٹیموں کو متحرک کیا جائے، بارشی وسیلابی پانی کے نکاس کے لئے مطلوبہ مشینری اور عملہ متعلقہ مقامات پر پہنچایا جائے، سپرے کروایا جائے تاکہ وباؤں کو روکا جاسکے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں اموات پر بہت دکھ ہے، متاثرین سے ہمدردی کرتے ہیں۔این ڈی ایم اے کراچی اور سندھ میں عوام کے تحفظ، ریسکیو اور ریلیف میں صوبائی حکومت اور اداروں کی معاونت کرے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال میں کرنٹ لگنے جیسے واقعات کے تدارک کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر افسوس، متاثرین سے یک جہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کے تحفظ اور مدد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔