اداکارہ حمیرا اصغر کے اہلخانہ لاش لیکر لاہور روانہ،موت معمہ بن گئی

اداکارہ حمیرا اصغر کے اہلخانہ لاش لیکر لاہور روانہ،موت معمہ بن گئی
کیپشن: اداکارہ حمیرا اصغر کے اہلخانہ لاش لیکر لاہور روانہ،موت معمہ بن گئی

ویب ڈیسک: کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد اہلِ خانہ کے حوالے کر دی گئی، جس کے بعد مرحومہ کی میت کو لاہور روانہ کر دیا گیا، جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔

اداکارہ کے بھائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا حمیرا سے آخری رابطہ تقریباً دس ماہ قبل ہوا تھا۔ ایک قریبی عزیزہ کی وفات کے باعث وہ فوری کراچی نہ پہنچ سکے، جس وجہ سے لاش کے حصول میں تاخیر ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پولیس سے مسلسل رابطے میں تھے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر زاویے سے تفتیش جاری ہے اور موت کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق اداکارہ کا موبائل فون ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے، اور اُن تمام افراد سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے جن سے مرحومہ نے آخری دنوں میں رابطہ کیا تھا، جن میں ایک کیب ڈرائیور بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی ادائیگی نہ ہونے پر مالک مکان نے عدالت سے رجوع کیا، عدالتی بیلف کے ہمراہ فلیٹ کا دروازہ توڑا گیا تو اندر اداکارہ کی لاش موجود تھی۔

پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ لاش مکمل طور پر سڑ چکی تھی اور یہ "ڈی کمپوزیشن کے انتہائی آخری مرحلے" میں تھی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ موت کو تقریباً ایک ماہ کا عرصہ گزر چکا تھا۔

Watch Live Public News