ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف ماڈل و اداکارہ رابعہ بٹ کی سوشل میڈیا سے طویل غیر حاضری نے ان کے مداحوں کو بےچینی میں مبتلا کر دیا۔ اداکارہ کے لاکھوں فالوورز ان کی خیریت جاننے کے لیے انسٹاگرام پر مسلسل تبصرے کر رہے ہیں اور ان کی واپسی کے منتظر ہیں۔
رابعہ بٹ، جو 'آنگن'، 'پہلی سی محبت'، 'یہ دل میرا' اور حالیہ ڈرامہ 'جیون نگر' جیسی مقبول ڈرامہ سیریلز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، گزشتہ کئی مہینوں سے سوشل میڈیا پر غیر فعال نظر آ رہی تھیں۔ ان کی انسٹاگرام پر آخری پوسٹ دسمبر 2024 میں کی گئی تھی۔
اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی حالیہ المناک موت کے بعد مداحوں کو رابعہ بٹ کی غیر موجودگی مزید محسوس ہونے لگی، جس کے بعد مداحوں نے ان کی پرانی پوسٹس پر تبصرے کرنا شروع کر دیے۔
ایک صارف نے لکھا "ہم پچھلی دو عیدوں سے آپ کا انتظار کر رہے ہیں، پلیز کچھ پوسٹ کریں۔"
جبکہ ایک اور مداح نے کہا"حمیرا اصغر کے بعد سے دل میں عجیب سی بےچینی ہے، خدارا کچھ تو بتائیں۔"
کئی مداحوں نے ان کی غیر موجودگی کا نوٹس لیتے ہوئے ماورا حسین، مشی خان، سونیا حسین اور یاسر حسین کو بھی پوسٹس پر ٹیگ کیا تاکہ وہ رابعہ سے رابطہ کر کے مداحوں کی پریشانی دور کریں۔
بالآخر رابعہ بٹ نے خاموشی توڑتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک مختصر مگر جذباتی پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ"جن لوگوں کو میری فکر ہے، اُن سب کا شکریہ۔ میں زندگی کے ایک سفر پر ہوں، جس پر اس وقت بات کرنا ممکن نہیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ مقصد حاصل کر لیں تو مداحوں کو ضرور آگاہ کریں گی، اور اگر نہ بھی کر سکیں تو وقت سب کچھ واضح کر دے گا۔
آخر میں انہوں نے اپنے مداحوں سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ"چیزیں اب ویسی نہیں رہیں جیسی پہلے تھیں۔"