شادی یا طلاق کے معاملے میں کسی اور کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتیں، میرا سیٹھی

شادی یا طلاق کے معاملے میں کسی اور کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتیں، میرا سیٹھی
کیپشن: شادی یا طلاق کے معاملے میں کسی اور کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتیں، میرا سیٹھی

ویب ڈیسک: اداکارہ اور مصنفہ میرا سیٹھی نے کہا ہے کہ ان پر شادی کے لیے کبھی کوئی سماجی دباؤ نہیں تھا اور وہ اپنی شادی یا طلاق کے معاملے میں کسی اور کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتیں۔

اداکار احمد علی بٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں میرا سیٹھی نے کہا کہ طلاق کے بعد انہوں نے دو اہم سبق سیکھے۔ پہلا یہ کہ صرف جذبات یا دل کی آواز پر اندھا اعتماد نہیں کرنا چاہیے، اور دوسرا یہ کہ کسی بھی رشتے کی خاطر اپنی شخصیت کو تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چاہے تعلق شوہر، دوست یا کسی اور سے ہو، خود کو دوسروں کی پسند کے مطابق بدل لینا درست نہیں، کیونکہ اس سے انسان اپنی شناخت کھو دیتا ہے۔

میرا سیٹھی کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے زندگی سے بہت کچھ سیکھا، پختگی حاصل کی اور اب وہ ماضی کو سکون کے ساتھ دیکھ سکتی ہیں۔ ان کے مطابق، جب کوئی خاتون ہر معاملے میں سمجھوتہ کرنے سے انکار کرتی ہے تو اکثر اسے ہی قصوروار قرار دے دیا جاتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ شادی فیصلہ مکمل طور پر ان کا اپنا تھا، جو محبت اور ذاتی سوچ کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ "اس معاملے میں، میں اپنی ذات کے سوا کسی اور پر الزام نہیں لگا سکتی۔"

واضح رہے کہ میرا سیٹھی نے 2019 میں بلال صدیقی سے شادی کی تھی، تاہم دونوں نے 2023 میں علیحدگی اختیار کر لی۔

Watch Live Public News