اسلام آباد: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملائیشیا اور انڈونیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کے عمل کو تیز کریں تاکہ صارفین کیلئے اس کی آسان فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور اس کی قیمتوں میں استحکام رکھا جا سکے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خوردنی تیل کی دستیابی سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود، وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین،وزارت صنعت وپیداوار اور تجارت کے سیکرٹریز، وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری صنعت نے کمیٹی کو ملک میں خوردنی تیل کے سٹاک کی صورتحال سے آگاہ کیا اور انڈونیشیا اور ملائیشیا سے خوردنی تیل کی درآمد کی صورتحال سے آگاہ کیا، ملک میں خوردنی تیل کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور اس ماہ کے دوران ملائیشیا اور انڈونیشیا سے خوردنی تیل کے ٹینکرز پہنچنے سے اسٹاک کی پوزیشن بہتر ہوگی اور قیمت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس سلسلے میں وفاقی وزیر صنعت و پیداوار انڈونیشیا کے حکام سے اہم بات چیت کے لیے انڈونیشیا روانہ ہو رہے ہیں۔ دریں اثناء رانا تنویر حسین نے وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے کہا کہ وہ اپنی قیمتوں پر نظر ثانی کریں اور عام آدمی کے لئے قیمتوں کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔