ویب ڈیسک: علاقائی تجارت میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ حال ہی میں نیشنل لاجسٹک کارپوریشن ( این ایل سی) کی جانب سے قازقستان سے دبئی تک بذریعہ روڈ سامان کی کامیاب ترسیل کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ایل سی نے قازق کمپنیوں کے تعاون سے افغانستان کے راستے دبئی تک کارگو کی پہلی کھیپ کی ترسیل ممکن بنائی۔ این ایل سی کی طرف سے یہ منصوبہ 21 ٹن لوڈ کے دو ٹرکوں پر مشتمل زیٹیجن ٹرانسپورٹ لاجسٹکس سینٹر سے اپنے سفر کا آغاز کیا۔
این ایل سی کے ٹرکوں نے کراچی تک 4,900 کلومیٹر کا فاصلہ صرف 20 دن میں مکمل کر کے کراچی میں کنٹینرز کو فیڈر جہاز پر لادا۔ سفر کے آخری مرحلے میں کارگو جبل علی بندرگاہ پر پہنچ گیا۔
تجارتی سامان کی آزمائشی منصوبے کی کامیاب تکمیل علاقائی راہداری کے لیے اہم سنگ میل ہے۔ جون اور جولائی میں اس راستے سے تقریباً 60 کنٹینرز کی آمدورفت متوقع ہے۔
اس راہداری کے فعال ہونے سے قازقستان کے برآمد کنندگان کے لیے مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کی منڈیوں تک رسائی ممکن ہوئی۔ قازقستان ریلویز کے ذیلی ادارے KTZ اور قازق ٹریڈ پالیسی ڈویلپمنٹ سینٹر نے اس منصوبے کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔