ویب ڈیسک: وفاقی بجٹ 2025-26 کے اعلان کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو کاروبار کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، جس میں سرمایہ کاروں نے اعتماد کا اظہار کیا۔
مارکیٹ کھلتے ہی 100 انڈیکس میں 1571 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 123596 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ کچھ ہی دیر بعد کاروباری سرگرمیوں میں مزید بہتری آئی اور انڈیکس 1987 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 124012 کی بلند سطح پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز 17 ہزار 573 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کیا تھا، جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجاویز دی گئیں، جبکہ انکم ٹیکس کی شرح میں بھی کمی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جائیداد کی خرید و فروخت پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس میں بھی نمایاں کمی تجویز کی گئی ہے۔ مجوزہ بجٹ کے مطابق 4 فیصد کی موجودہ شرح کو کم کرکے 2.5 فیصد اور 3.5 فیصد کی شرح کو کم کرکے 2 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جسے سرمایہ کار طبقے کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔