وزارت داخلہ کیلئے آئندہ بجٹ میں 12.9 ارب روپے مختص، سیکیورٹی و انفراسٹرکچر منصوبوں پر زور

وزارت داخلہ کیلئے آئندہ بجٹ میں 12.9 ارب روپے مختص، سیکیورٹی و انفراسٹرکچر منصوبوں پر زور
کیپشن: وزارت داخلہ کیلئے آئندہ بجٹ میں 12.9 ارب روپے مختص، سیکیورٹی و انفراسٹرکچر منصوبوں پر زور

ویب ڈیسک: وفاقی بجٹ 2025-26 میں وزارت داخلہ کیلئے مجموعی طور پر 12 ارب 90 کروڑ 84 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس رقم میں جاری منصوبوں کے لیے 7 ارب 90 کروڑ 84 لاکھ جبکہ نئی اسکیموں کے لیے 5 ارب روپے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کی توسیع کے لیے 3 ارب روپے جبکہ اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 2 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ سندھ میں 13 نئے پاسپورٹ دفاتر کے قیام کے لیے 36 کروڑ 86 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سیکٹر ایچ-16 میں ماڈل جیل کی تعمیر پر ایک ارب 18 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے جبکہ اسلام آباد پولیس میں مینجمنٹ تبدیلی یونٹ کے قیام کے لیے 5 کروڑ 15 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں۔ انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کے لیے 37 کروڑ 72 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

میٹرو بس کو اسلام آباد ایئرپورٹ تک توسیع دینے کے آپریشن کے لیے 42 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ پاسپورٹ کے بائیومیٹرک سسٹم کی اپ گریڈیشن کے لیے 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

نیشنل پولیس اسپتال اسلام آباد کے لیے 10 کروڑ روپے، دیہی علاقوں میں بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے 4 کروڑ روپے اور لینڈ ریونیو ریکارڈز کی بہتری کے لیے 5 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

نیشنل فارنزک اینڈ سائبر کرائم ایجنسی کے لیے 10 کروڑ روپے اور وزارت داخلہ کے تحت ڈیجیٹل اکانومی کے منصوبوں کے لیے 2 ارب 59 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

Watch Live Public News