انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاج، PTI رہنماؤں کیخلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج

انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاج، PTI رہنماؤں کیخلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج
کیپشن: Protest against election rigging, cases registered against PTI leaders under serious provisions

ویب ڈیسک: لاہور کے مال روڈ پر مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے۔

ذرائع کے مطابق تھانہ انارکلی میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی، اغواء کاری، کار سرکار میں مداخلت اور ہراساں کرنے سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس اور خواتین سمیت 38 کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران حافظ فرحت عباس کارکنان کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے لیے اکساتے رہے، پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔

ایف آئی آر کے مطابق حافظ فرحت عباس نے 4، 5 نامعلوم ساتھیوں سمیت شدید فائرنگ کی، ملزمان کا ایک فائر سرکاری گاڑی کو بھی لگا، حافظ فرحت عباس نے ساتھیوں کے ہمراہ کانسٹیبل کی وردی پھاڑی اور اسے اغواء کرنے کی کوشش کی جسے استنبول چوک سے بازیاب کروایا گیا۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ حافظ فرحت عباس کو قابو کر کے پولیس نے پستول بھی برآمد کیا، گرفتار 42 ملزمان سے ڈنڈے اور لاٹھیاں بھی برآمد کیے گئے۔

Watch Live Public News