ویب ڈیسک : فلپائن کے سابق صدر 80 سالہ روڈریگو ڈوٹیرٹے کو آئی سی سی کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد دارالحکومت منیلا میں گرفتار کر لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ڈوٹیرٹے بین الاقوامی فوجداری عدالت کو نام نہاد ' منشیات کے خلاف جنگ' کے لیے مطلوب ہیں، جس کے بارے میں انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ 30,000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ڈوٹیرٹے پر 30ہزار افراد کے قتل کا الزام
آئی سی سی کے پراسیکیوٹرز نے ان کے انسداد منشیات کریک ڈاؤن پر انسانیت کے خلاف جرائم کا الزام لگایا ہے، جس میں تقریباً 30,000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ زیادہ تر متاثرین غریب، شہری علاقوں کے مرد تھے، جنہیں گلیوں یا گھروں میں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔
صدر کے دفتر نے کہا کہ ڈوٹیرٹے کو منگل کی صبح ہانگ کانگ سے واپسی پر منیلا کے ہوائی اڈے پر گرفتار کیا گیا۔

’منیلا بے میں اتنی لاشیں پھینکی جائینگی کی مچھلیاں موٹی ہوجائیں گی’
ڈوٹیرٹے 2016 میں ایک بے رحمانہ، خونی کریک ڈاؤن کا وعدہ کرنے کے بعد صدر بنے انہوں نے ملک کو منشیات سے نجات دلانے کا وعدہ کیا تھا۔ انتخابی مہم کے دوران اس نے ایک بار کہا تھا کہ منیلا بے میں اتنی لاشیں پھینکی جائیں گی کہ مچھلیاں ان کے کھانے سے موٹی ہو جائیں گی۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد، انہوں نے علی اعلان کہا کہ وہ منشیات کے ڈیلروں کو مار ڈالیں گے اور عوام پر زور دیا کہ وہ نشے کے عادی افراد کو قتل کردیں۔
’ جو کیا ملک کے لئے کیا ، کوئی معافی نہیں ، کوئی بہانہ نہیں’
ڈوٹیرٹے، جو 2024 میں منشیات کی جنگ میں ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں سینیٹ کی انکوائری کے سامنے پیش ہوئے، نے کہا کہ اس نے اپنی پالیسیوں کے لیے "کوئی معافی نہیں، کوئی بہانہ نہیں" پیش کیا، اور کہا کہ "میں نے وہی کیا جو مجھے کرنا تھا، اور چاہے آپ مانیں یا نہ مانیں، میں نے اپنے ملک کے لیے کیا۔" اسی سماعت کے دوران، انہوں نے سینیٹرز کو بتایا کہ پولیس افسران کو حکم دیا تھا کہ وہ مجرموں کو لڑنے اور گرفتاری کے خلاف مزاحمت کرنے کی ترغیب دیں، تاکہ پولیس ان کے قتل کا جواز پیش کر سکے تاہم انہوں نے پولیس کو مشتبہ افراد کو مارنے کا اختیار دینے سے انکار کیا۔
منشیات اسمگلروں کے قتل کیلئے مجرموں پر مشتمل ڈیتھ اسکواڈ
ڈوٹیرٹے نے سماعت کو یہ بھی بتایا کہ صدر بننے سے پہلے انہوں نے ڈیواؤ کے میئر کے طور پر کام کرتے ہوئے منشیات کے اسمگلروں کو موت کے گھاٹ اتارنے کے لیے مجرموں کا ایک "ڈیتھ اسکواڈ" بھرتی کررکھا تھا۔
ڈوٹیرتے کے سابق قانونی مشیر سلواڈور پنیلو نے ان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پولیس نے ان کے ایک وکیل کو ہوائی اڈے پر ڈوٹیرتے سے ملنے سے روک دیا تھا۔
انسداد منشیات کے قتل کے بارے میں آئی سی سی کی تحقیقات میں نومبر 2011 سے جون 2016 تک ہونے والے مبینہ جرائم کا احاطہ کیا گیا ہے۔

مڈٹرم الیکشن ، ڈوٹیرٹے کے اتحادی ساتھ چھوڑ گئے
صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر - جنہوں نے 2022 میں ڈوٹیرٹے کی بیٹی سارہ کے ساتھ مشترکہ مہم کے بعد عہدہ سنبھالا تھا، جو اب نائب صدر ہیں - نے ابتدائی طور پر کہا تھا کہ وہ آئی سی سی کے ساتھ تعاون نہیں کریں گے، اور اس کی تحقیقات کو " اندرونی معاملات میں دخل اندازی" قرار دیا تھا۔ تاہم وسط مدتی انتخابات سے قبل اقتدارکی جنگ کے پیش نظر اب مارکوس انتظامیہ نے کہا کہ وہ گرفتاری کے لئے تعاون کریں گے۔